صوریف قصبے میں اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی بچہ شدید زخمی

الخلیل کے شمال مغرب میں صوریف قصبے میں بدھ کی شام شہریوں کے ایک گروپ پر قابض اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ کی جس میں 16 سالہ فلسطینی بچہ سینے میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔زخمی بچے کو نازک حالت میں الخلیل میں الاھلی ہسپتا ل منتقل کیا گیا۔اسی دوران قابض صہیونی فوجیوں نے بیت عمار میں الضاہر کے علاقے پر ہلہ بولا جس کے بعد مقامی نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں پھوٹ پڑیں۔قابض صہیونی فوجیوں نے جھڑپوں کے دوران بھاری مقدار میں آنسو گیس کے گولے پھینکے جس کے نتیجے میں گھروں کے اندر موجود درجنوں شہریوں کو دھوئیں وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔