بی جے پی کی متعصب ذہنیت نے سیکولر بھارت کے تصور کو دفن کر دیا۔ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی متعصب ذہنیت نے بھارت کے بانی قائدین گاندھی اور نہرو کے سیکولر بھارت کے تصور کو دفن کر دیا ۔ کوٹ مٹھن شریف کے نگران خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہندوتوا نظریات سے مسلمانوں اور دنیا بھر کے دیگر مذاہب کے لوگوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔خواجہ معین الدین کوریجہ نے دنیا بھر میں اسلام کے خلاف بڑھتے ہوئے منفی رجحان پر وزیر خارجہ کے واضح موقف کو سراہا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا بھر میں اسلام مخالف پروپیگنڈے کے بڑھتے ہوئے تکلیف دہ رجحان کو بے نقاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ باہمی اختلافات سے گریز اور ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کا احترام کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد کے گروپ آف فرینڈز کے اعلی سطح کے آن لائن اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کے لئے دنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ اور کرتار پور راہداری کھولنے کے پاکستان کے اقدام کو اجاگر کیا۔انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کی آڑ میں ہمسائیہ ملک بھارت سمیت دیگر ملکوں میں نسلی منافرت، اسلام مخالف پروپیگنڈے اور اقلیتوں سے ناروا سلوک اور تشدد پر تشویش کا اظہار کیا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ دنیابھرمیں مذہبی تصادم کی خطرناک صدائیں بدستور گونج رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ نفرت، تشدد اور اشتعال انگیزی کو عالمی سطح پر خلاف قانون قرار دیا جائے اور اسلام مخالف پروپیگنڈے کی روک تھام کے لئے عالمی دن منانے کا اعلان کیا جائے۔