نامزد پاکستانی سفیر آفتاب احمد کھوکھر کی آسٹریا کے صدر سے ملاقات، اپنی سفارتی اسناد پیش کیں

جمہوریہ آسٹریا میں تعینات پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے ہفبرگ پیلس میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی صدر ڈاکٹر الیگزینڈر وین ڈیر بیلن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ سفیر کھوکھر نے اپنی اسناد پیش کرتے ہوئے وفاقی صدر کو صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمناوں کا پیغام پہنچایا۔ سفیر نے پاکستان اور آسٹریا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا۔ آسٹرین صدرالیگزینڈر وین ڈیر بیلن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص قابل تجدید توانائی، معیشت اور اعلی تعلیم کے شعبہ میں باہمی تعاون کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے عزم اور پاکستان کی کووڈ۔19 سے متعلق پالیسیوں اور اقدامات کی بھی تعریف کی۔ اس سے قبل سفیر کھوکھر اسلام آباد میں وزارت خارجہ امور میں ایڈیشنل سیکرٹری امریکہ تعینات تھے جبکہ وہ لبنان میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور جدہ ، سعودی عرب میں بطور پاکستان کے قونصل جنرل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ سفیر کھوکھر ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں پاکستان کے مستقل نمائندہ بھی ہوں گے جس میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی ، اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی ادارہ، اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم اور بین الاقوامی تجارتی قانون سے متعلق اقوام متحدہ کا کمیشن بھی شامل ہے۔