شادی ہالز اور ریسٹورینٹس کورونا وائرس کا مرکزبن رہے ہیں۔ نیشنل کمانڈ سینٹر

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورینٹس کورونا کا مرکز بن رہے ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 6شادی ہالز اور 103 ریسٹورینٹس بند کردیے گئے ہیں۔این سی او سی نے شادی ہالز اور ریسٹورینٹس کو کورونا کا پھیلا کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈائون کیا جائے، شادی ہالز اور ریسٹورینٹس پرخاص نظر رکھی جائے۔این سی او سی نے تمام صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات دی ہے۔خیال رہے کہ کورونا کیسز بڑھنے پر کراچی کے علاقے منگھوپیر یوسی8 سمیت ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈان نافذ کردیا گیا۔پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید15افراد انتقال کرگئے۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 31697ٹیسٹ کیے گئے جن میں 625افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 15افراد انتقال کرگئے۔