کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش ،ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ پی ایم اے
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن(پی ایم اے)نے ملک میں کورونا کیسز میں ہونے والے اضافے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ پی ایم اے نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان اس وقت کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔پی ایم اے کے مطابق اس حوالے سے تعلیمی ادارے، اسپتال، شادی ہالز اورمارکیٹس زیادہ حساس سمجھے جاتے ہیں۔ پی ایم اے نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بالعموم اور پرائمری اسکولوں کے بچوں سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا بالخصوص مشکل کام ہے۔پی ایم اے نے والدین سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کورونا وائرس سے بچا ئوکے لیے جاری کردہ احتیاطی تدابیر کے متعلق آگاہی دیں۔کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کراچی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈان کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ شہر کی مشہور زمانہ فوڈ اسٹریٹ، برنس روڈ کے بیشتر ریسٹورنٹس کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔