اسلام آباد ہائیکورٹ کاچڑیا گھر کے جانوروں کی منتقلی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چڑیا گھر کے جانوروں کی منتقلی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاوان ہاتھی اور ریچھوں کی بیرون ملک منتقلی کیلئے تمام ضروری اقدامات جلد مکمل کیے جائیں۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ پاکستان میں ہمالین برائون بیئرز کو منتقل کرنے کیلئے کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں، حکومت پنجاب بھی ریچھوں کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ انسانوں کے سامنے نمائش میں چڑیا گھر کے جانور بے پناہ تکلیف برداشت کرچکے، عدالت پہلے ہی قرار دے چکی کہ جانوروں کو غیرضروری تکلیف دینا خلاف قانون ہے۔ جانوروں کو ان کے قدرتی مسکن سے نکالنا خلاف قانون اور حق زندگی سلب کرنے کے مترادف ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ چیئرمین وائلڈ لائف بورڈ نے عدالت کو بتایا کہ کاوان ہاتھی کو کمبوڈیا منتقل کرنے کے انتظامات جلد مکمل کرلیے جائیں گے، ماضی میں جانوروں کو مسلسل نظرانداز کیا جانا افسوسناک ہے۔