‘حکومت پولیوکے خاتمے کیلئے درست سمت پر گامزن ہے’
اسلام آباد : معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ حکومت پولیوکے خاتمے کیلئے درست سمت پر گامزن ہے، ہم نے یقینی بنایا کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے قومی انسداد پولیو مہم سے متعلق بیان میں کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم 21 سے 25 ستمبر تک جاری رہی، مہم میں 39 ملین بچوں کی ویکسی نیشن ہوئی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ فروری 2020 کے بعد پہلی قومی انسداد پولیو مہم چلائی گئی، کورونا کے باعث قومی انسداد پولیو مہم منعقد نہیں ہو سکی تھی تاہم قومی پولیومہم میں2 لاکھ 70 ہزارفرنٹ لائن ورکرزنے حصہ لیا۔