ایم کیو ایم پاکستان کا حیدرآباد میں پاور شو دکھانے کا اعلان
کراچی: متحدہ قومی مؤومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے 4 اکتوبر کو حیدرآباد میں سیاسی پاور شو دکھانے کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’پیپلزپارٹی نے 13 سالوں میں کراچی سمیت پورے سندھ کو کھنڈر بنا کر تباہ کر دیا، کراچی کی ریلی میں عوام نے ثابت کیا کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں، چار اکتوبر کو حیدرآباد مارچ کا آغاز کررہے ہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم آئینی حدود میں رہتے ہوئے صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں، سندھ میں نیا صوبہ بننا چاہیے تاکہ شہری علاقوں کے مسائل حل ہوں‘۔عامر خان کا کہنا تھا کہ ’جعلی ڈومیسائل پر شہری علاقوں میں پیپلزپارٹی نے اپنےلوگوں کو نوکریاں فراہم کیں، فنڈز نہ دے کربلدیاتی نظام ناکام کرنے کی کوشش کی گئی، صوبائی حکومت نے سندھ کے تعلیمی نظام کو بھی تباہ کردیا‘۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر نے الزام عائد کیا کہ ‘پیپلزپارٹی نے جعلی مردم شماری کے ذریعے کراچی میں اپنی اکثریت قائم کی، شہری اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی‘۔