پنجاب حکومت محنت کشوں کے لیے صوبے بھرمیں مزدور کارڈ متعار ف کرارہی ہے: فیاض الحسن چوہان
فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ محنت کش بھائیوں کی فلاح و بہبود کے لئے پنجاب مزدور کارڈ کا اجراء بزدار حکومت کا اعزاز ہےجبکہ مزدور کارڈ کا دائرہ کار پورے پنجاب تک وسیع کردیاجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بینک آف پنجاب کی معاونت سے 10لاکھ ورکرز کو مزدور کارڈ فراہم کئے جائیں گے،پنجاب مزدور کارڈ کو اے ٹی ایم،ڈیبٹ کارڈ، موبائل والٹ اکاؤنٹ اورشناختی کوڈ کیلئے استعمال کیاجاسکے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب مزدور کارڈ کے ذریعے ورکر اور اس کے اہل خانہ سے متعلق ڈیٹا بھی میسرہوگا جبکہ پنجاب مزدور کارڈ صوبہ بھر میں سوشل سکیورٹی کے 250ہسپتالوں اورڈسپنسریوں میں استعمال کیاجاسکے گا۔مزدور کارڈ سرکاری اور پینل پر موجود پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ PESSI کی طرف سے کیش بینیفٹ کی 11سہولتیں اس کارڈ کے ذریعے حاصل کی جاسکیں گی جبکہ پنجاب مزدور کارڈ کے ذریعے محنت کش کو کم ازکم اجرت کی فراہمی کو یقینی بنایاجا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ورکرز ہاؤسنگ سکیم، روزگار سکیم، کامیاب جوان اور اخوت سے مزدور کارڈ کے ذریعے مستفید ہوں گے،محنت کشوں کومزدور کارڈکے ذریعے 150 اداروں کی مصنوعات پر 5سے 30فیصد تک رعایت ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے،یوٹیلٹی سٹورز،باٹا،ڈوسے،سمارٹ سکول اورالائیڈ سکول کی طرف سے مزدوروں کو رعایت دی جائے گی جبکہ صحت سہولت کارڈ کو اسی مزدور کارڈ کے ساتھ منسلک کرنے کی تجویز پر بھی کام کیاجا رہاہے۔