عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ اتحادیوں کے ساتھ مل کرعام انتخابات میں حصہ لیں گے۔ صدرآصف زرداری
کراچی میں صدر آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کے وزراء کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور اتحادی جماعتوں سے تعلقات پر غور کیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر عام انتخابات میں حصہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے وزراء اتحادیوں سے رابطے تیز کرتے ہوئے مفاہمتی عمل کو آگے بڑھائیں۔ صدر زرداری نے پارٹی وزراء کو ان کے اضلاع میں جلسے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صدر زرداری نے سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں کی نگرانی کے لیے آغا سراج درانی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔ انہوں نے کراچی میں پارٹی مقتولین کے ورثاء کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔