عام انتخابات ہوتے نہیں آرہے, پیرپگاڑا۔ گر اداروں نے ایک دوسرے کا احترام نہیں کیا تو عام انتخابات کے نہ ہونے کے بارے میں خدشات درست ثابت ہوسکتے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی
حروں کے روحانی پیشوا اور فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرصاحب آف پگاڑا نے ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ملاقات کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیرصاحب آف پگاڑا نے کہا کہ پی۔پی کے ساتھ اتحاد انکے والد نے کیا مگر اب حالات بدل چکے ہیں۔ کراچی میں ہونے والی بدامنی کی زمہ داری وہاں کی حکومت، سیاستدانوں اور چند افسران پر عائد ہوتی ہے اگر آج وہاں ایماندارافسر تعینات کردئیے جائیں تو معاملات پندرہ دن میں درست ہوسکتے ہیں۔ پیر صاحب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو سپریم کورٹ کی بات مان کر خط لکھ دینا چاہئیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ عام انتخابات نہیں دیکھ رہے تاہم تیاریاں سیاسی جماعتوں کا حق ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئندہ انتخابات اتحادیوں کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ سوئس حکام کو خط لکھنے کے سوال پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خط لکھنے کا فیصلہ پارٹی کرے گی تاہم آئین کی پیروی کی جانی چاہیے جس کے مطابق صدر کو استثنیٰ حاصل ہے۔ خط کےمعاملے پر وزیراعظم کو بھیجا گیا تو حالات وہی ہوں گے جسکی پیش گوئی کی جارہی ہے۔ نئے صوبوں پر پنجاب اسمبلی کی قرارداد پر عمل ہونا چاہیے۔