کالا شاہ کاکو میں لاہور ایسٹرن بائی باس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم نوازشریف کا جلسے سے خطاب

کالا شاہ کاکو میں لاہور ایسٹرن بائی باس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے جلسے سے خطاب کیا۔ اس دوران وزیراعظم سیاسی مخالفین پر تنقید کے نشتر برساتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کرتے ہیں،عوام کیا چاہتے ہیں، یہ بورے والا اور جہلم کے انتخابات سے پتا چل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیان نہیں بدلتے،عوام سےسچ بولتے ہیں، عوام تحریک والوں کو بھی اچھی طرح جانتے ہیں۔ وزیراعظم نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم کنٹینر پر نہیں کھڑے۔ تحریک والوں کے پاس دو ہزار تیرہ الیکشن کا وقت تھا، اب انہیں دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔ دوران خطاب وزیراعظم نے نام لیے بغیر شیخ رشید پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کا ایک سیاستدان ہے جو جھوٹی پیش گوئیاں کرتا ہے۔ راولپنڈی کا سیاستدان آئندہ اسمبلی کا منہ نہیں دیکھے گا۔نوازشریف نے کہا کہ ہم صرف نعرے نہیں لگارہے، خدمت کررہے ہیں۔ پانچ سال پورے ہونے پر الیکشن ہوگا اور مسلم لیگ ن دوبارہ عوامی خدمت کیلئے اقتدار میں آئے گی۔