کئی پاکستانیوں نے بھی خود کو افغان ظاہر کرکے افغانستان واپس جانے کے پیسے لئے،چیئرمین نادارعثمان مبین
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے کہا کہ کسی کےساتھ لسانی بنیادوں پرامتیازی سلوک نہیں کیاجارہا،افغان شہریوں کوواپس جانے کےلئے پیسے دیئے جاتے ہیں۔ کئی پاکستانیوں نے بھی پیسے لینے کیلئے خود کو افغان شہری ظاہرکیا۔ پیسے لینے والے یہ لوگ واپس آئے توانہیں بلاک کردیا گیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کا افغان ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔ چالیس سال سے پیدا مسئلہ ایک دو دن میں حل نہیں ہوسکتا۔ جن لوگوں کے پاس شناختی کارڈ نہیں اس کا حل نکالیں گے۔ گزشتہ روز قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے نادرا کی جانب سے شناختی نہ بنانے کے معاملے پرعمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا تھا۔ عمران خان نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نادرا کو متاثرین سے ملاقات اورمسائل کے حل کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔