مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان،بھارت مذاکرات کا کوئی امکان نہیں،وزیر خارجہ
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات علاقائی امن و سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔انہوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا اور اسے آخری حربہ سمجھتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ منگل کو لندن میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس مہینے کی 27 تاریخ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے۔