پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے:صدر عارف علوی
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ہر سطح پر اجاگر کرتا رہے گا۔کراچی میں پیر کے روز شمشیر بحر سیون اور ترسیل بحر ٹو بحری مشق کی افتتاحی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی غیر قانونی اقدامات کے جنوبی ایشیا میں سلامتی کی مجموعی صورتحال پر اثرات مرتب ہوں گے۔صدر نے جنہیں پاک بحریہ کی جنگی اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی کہا کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے اورمجھے پاکستان کی مسلح افواج پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت چین پاکستان اقتصادی راہداری اور گوادر کے منصوبوں کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتاہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا دارومدار سمندر کے ذریعے بلا تعطل تجارت پر ہے اور اس سلسلے میں پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔تینوں مسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندے شمشیر بحر مشق میں حصہ لیں گے، شمشیر بحر مشق ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے اور اس کا مقصد عملی سطح پر نظریاتی تجزیہ کرنا ہوتا ہے جسے بعد میں بحری حکمت عملی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔