مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوچکا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہوںگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے جس سے رواں ہفتے ملک کے مختلف بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، اس دوران بالائی پنجاب، بالائی کے پی اور کشمیر میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوگی۔ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی خیبر پختونخوا، فاٹا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، کوئٹہ، ژوب ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کا گرم ترین مقام شہید بینظیرآباد رہا جہاں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاڑکانہ اورسکھر میں تینتالیس، ملتان انتالیس،لاہور سینتیس، کراچی اور پشاورمیں پینتیس جبکہ اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تینتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔