یمنی باغیوں کا سعودی عرب کے شہر ظہران کی جانب بیلسٹک میزائل حملہ ناکام
سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے یمن کی شمالی گورنری صعدہ سے حوثی باغیوں کے داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل کو کسی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ فضائی دفاعی فورسز نے حوثی باغیوں کے فائرگئے اس بیلسٹک میزائل کا سراغ لگایا ۔ یہ میزائل سعودی عرب کے جنوبی شہر ظہران کی جانب داغا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم سعودی فورسز کی بروقت کارروائی کے بعد یہ میزائل سعودی عرب کی جنوبی سرحد سے کوئی پونے دو کلومیٹر دور یمنی حدود ہی میں گر کر تباہ ہو گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ یمنی باغی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے گنجان آباد شہروں اور دیہات کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔