معمر مصری خاتون کو عمرے کا جھانسہ دیکر منشیات سمگل کرانے والا گرفتار
مصری پولیس نے دھوکہ دے کر معمر خاتون کے ذریعے منشیات سمگل کرانے والے اصل ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ ایئر پورٹ مصر سے آنے والی ایک 70 سالہ خاتون کے سامان سے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد ہونے پر گرفتار کر کے ادارہ انسداد منشیات کے حوالے کر دیا گیا۔ تحقیقات کے دوران خاتون نے کسٹم اہلکاروں کو بتایا کہ اسے تومعلوم ہی نہیں تھا کہ جس نے اس کے عمرہ کا بندوبست کیا ہے وہ اس سے یہ کام لینا چاہتا ہے۔ سعدیہ نامی معمر خاتون مصر کی کمشنری الدقہلیہ کی رہائشی تھی نے مزید بتایا کہ اس کی پڑوسن ایک دن اس کے پاس آئی اور اس سے کہا کہ میرے بھائی نے خواب میں دیکھا ہے کہ وہ تمہارے ساتھ عمرہ پر گیا ہے۔ پڑوسن نے اسے مزید کہا کہ بھائی کا کہنا ہے کہ وہ ثواب کے لئے تمہیں عمرے پر لے جائے گا جس کے تمام تراخراجات وہ خود ہی برداشت کرے گا۔ محکمہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے خاتون کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے اس کی تصدیق کی جس کے بعد مصری پولیس نے ملزم کو تلاش کر کے گرفتا رکر لیا۔