سپریم کورٹ نے حج کوٹہ بڑھانے کیلئے حکومت کی درخواست خارج کردی۔
سپریم کورٹ نے حج کوٹہ بڑھانے کے لیے حکومت کی درخواست خارج کردی۔منگل کوسپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں حکومت کی جانب سے حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کے لیے ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود عدالت میں پیش ہوئے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے67فیصد کوٹے کو 60فیصد کردیا، کابینہ نے کوٹہ 60 فیصد سے 67 فیصد کردیا۔اس پر عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ عدالتی فیصلے کوکابینہ کیسے غیرموثر کرسکتی ہے؟ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی گئی تھی اور سرکاری حج پرائیویٹ سے زیادہ سستا ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں غیرقانونی بات کیا ہے، کمیٹی نے فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں کیاتھا۔معزز چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عوام کوآرام دہ حج کی سہولت بھی ہونی چاہیے۔