عمران خان نے کرپشن کے بادشاہ کو گلے لگا کر سیاسی قلابازی لگائی,وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف
وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف سے پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور انجینئر امیرمقام نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کے بادشاہ کو گلے لگا کر سیاسی قلابازی لگائی۔ منفی سیاست کرنے والوں نے خیبرپختونخوا کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ ان عناصر نے پانچ برسوں میں ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام جھوٹ بولنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کر دیں گے۔ ملاقات کے دوران لیگی رہنما امیرمقام کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی پنجاب نے اپنی محنت اور وژن کے ذریعے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنا دیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی قیادت سے متنفر ہو چکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں خیبرپختونخواہ سے بھی کامیابی حاصل کریں گے