کور کمانڈر کا ملک میں پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
کور کمانڈرز کی 220 ویں کانفرنس نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ علاقائی امن کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے ملک میں پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کانفرنس بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں منگل کے روز راولپنڈی میں ہوئی۔کورکمانڈرز کانفرنس نے قومی لائحہ عمل پر عمل درآمد کیلئے حکومت اور تمام فریقوں کی حمایت کا بھی عزم ظاہر کیا۔کانفرنس نے جغرافیائی اور تذویراتی ماحول اور مشرقی سرحد کے ساتھ جاری صورتحال کا جائزہ لیا۔کانفرنس نے کسی مہم جوئی یاجارحیت کے خلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے مضبوط ارادے، عزم اور جذبے کا اظہار کیا۔بری فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں کے بعد پاکستان ایک ایسی ریاست بننے کی راہ پر گامزن ہے جہاں ہتھیاروں کے استعمال کا حق صرف ریاست کے پاس ہے اور سماجی واقتصادی ترقی فوقیت حاصل کررہی ہے۔