دنیا بھر میں نسل پرستی، مذہبی تعصب اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کے پرچار پر اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے۔
حالیہ دنوں میں مذہبی تعصب کی بنیاد پر برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں مسلمانوں پر حملوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ اسلاموفوبيا، تعصب اور نسل پرستی کے جذبات میں اضافہ ہورہا ہے۔ مصر ميں جامعہ الازہر کے مفتی اعظم احمد الطيب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خصوصی ملاقات کی اس دوارن دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں انتونیوگوتیرس کا کہنا تھا کہ مذہبی تعصب کے بڑھاوے کو کم کرنے کی ضرورت ہے، نفرتوں کے بجائے محبت بانٹنی ہے۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل مصر کے دو روزہ دورے پر ہيں، وہ مصری صدر عبدالفتاح السيسی سے بھی آج ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔