افغانستان میں 2019 امن کے قیام کا سال ہے: امریکا
امریکا نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال افغانستان میں امن قائم ہوجائے گا، طالبان سے مذاکرات سے متعلق بھی مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اٹھارہ سال سے جاری خانہ جنگی صورت سے نکلنے کے لیے رواں سال اہم ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، ایک معاہدے کے ذریعے سالوں سے جاری جنگ کے خاتمے کی امید ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ بات جیت کی اچھی فضا ہموار ہوچکی ہے، افغانستان میں ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے پہلے ہی امن مذاکرات ہوجائیں گے۔ دریں اثنا زلمے خلیل زاد 26 مارچ سے10اپریل تک یورپ اور ایشیا کے مختلف ممالک کے دورے پر ہیں، اس دورے میں پاکستان اور افغانستان کا دورہ مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔