اسلام آباد۔ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی عمران صاحب کی ناکامی ہے،مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نے خیبرپختونخوا میں صحت کا جوانقلاب برپا کیا، وہاں سے مریض بھی اسلام آباد ہی آتے ہیں ۔ایک سال میں صحت کا بجٹ استعمال نہ ہوپانا، ہسپتالوں میں آلات اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی عمران صاحب آپ کی ناکامی ہے۔؟ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اسلام آباد میں پمز اور پولی کلینک کے دو ہسپتال بھی آپ نہ چلاسکے؟ انہیں بہتر نہ بناسکے؟عمران صاحب اسلام آباد کے یہ ہسپتال پہلے ہی دیگر علاقوں کے مریضوں کا بھی علاج کررہے ہیں۔جو حال سات سال میں خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کا کیا وہ اسلام آباد کے ہسپتالوں کا بھی کرنا چاہتے ہیں ۔اسلام آباد میں بیسک ہیلتھ یونٹ کی اپ گریڈیشن کے لئے بھی ایک پیسہ خرچ نہ ہوسکا ۔ایک سال میں دھیلے کا کام نہ کیا، جون میں پیسے زائد المیعا دہو جائیں گے، ہے کوئی جواب آپ کے پاس۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اپنی ذاتی انا اور تکبر کی وجہ سے ابھی تک مکمل طور پر پی ایم ڈی سی بحال نہ ہو سکا۔عمران صاحب آپ کی نالائقی اور غفلت کی بناپرپیسہ ہونے کے باوجود پمز کے آئی سی یو کو بہتر بنانے کا کام بھی شروع نہ ہوسکا۔ایک سال میں پمز اور پولی کلینک کے لئے جدید مشینیں، کمبل اور دیگر سامان نہ خریدا جاسکا۔صحت کے شعبے میں بھی آپ کی کارکردگی صفر ہے اور برا بھلا پچھلی حکومتوں کو کہتے ہیں؟پمز ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے 6 ارب روپے استعمال ہوتے عوام کی صحت بہتر ہوپاتی۔عمران صاحب آپ بچوں کے لئے آئی سی یو کی تیاری، جدید ایچ وی اے سی سسٹم کا پیسہ بھی استعمال نہ کرسکے؟عمران صاحب خصوصی افراد کے لئے الیکٹرو میڈیکل سامان بھی ایک سال میں آپ مہیا نہ کرپائے۔ایک ارب روپے وبائی امراض اور دیگر لوازمات کے لئے رکھا گیا تھا، وہ بھی آپ استعمال میں نہیں لاسکے ۔سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کے لئے مختص فنڈز استعمال کرتے تو وبائی امراض روکنے پر تحقیق ہوپاتی ۔