سپریم کورٹ نے عبوری حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی ،ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی رولنگ برقرار رہے گی، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج جو پیپلزپارٹی نے سپریم کورٹ سے عبوری حکم امتناع مانگا تھا عدالت اسے مسترد کردیاہے،ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی رولنگ برقرار رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں سینٹر فیصل جاوید ،عام ڈوگر ،شوکت بسرا اور دیگر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آرٹیکل 69 کے تحت سپریم کورٹ کو اختیار نہیں کہ وہ پارلیمنٹ کی کارروائی پر بات کرے،میں سیاسی جماعتوں سے کہنا چاہوں گا کہ وہ کیوں اب شیر نہیں بن رہے ،ان لوگوں کی آنکھوں سے آنسو آرہے ہیں ،حکومت سینہ تان کر باہر نکلی ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن ،پیپلزپارٹی اور جے یوآئی چاہتے تھے کہ حکومت جائے،حکومت چلی گئی ہے،اب یہ عدالت آئے ہیں کہ حکومت کو بحال کریں ،سیاست کے فیصلے عوام میں ہوتے ہیں، فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کو چیلنج کرتی ہے کہ الیکشن میں آئیں،پاکستان کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے، پاکستان کے لوگ نہ بھیکاری ہیں اور نہ ہی یہ بے غیرت ہیں ،یہ ٹائٹل آپ نے اپنے لئے رکھنا تھے،عمران خان کی قیادت میں آئندہ الیکشن بھاری مینڈیٹ سے جیتیں گے ۔