ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف میں معاہدہ طے پا گیا
ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں عامر خان، وسیم اختر، فیصل سبزواری اور کنور نوید پر مشتمل پانچ رکنی وفد عمران خان سے ملنے بنی گالہ پہنچا۔ کپتان سے ملاقات سے پہلے متحدہ وفد کی جہانگیر ترین کے گھر بھی طویل بیٹھک سجی۔ملاقات کے بعد خالد مقبول صدیقی کا میڈیا ٹاک میں کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی سیاسی پارٹی سے زیادہ پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھا۔ ہم تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔چاہتے ہیں ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے۔کپتان کے اہم کھلاڑی جہانگیرترین نے میڈیا کو بتایا کہ ایم کیو ایم سے معاہدہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا۔ ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی اور ہم نے کور کمیٹی سے مشاورت کی۔ ان کا کہنا تھا کراچی کی عوام نے ہمیں اور ایم کیو ایم کو بھرپور ووٹ دیے۔ملاقات کے دوران متحدہ کے وفد نے کراچی کے کچھ حلقے کھولنے، کراچی میں دوبارہ مردم شماری، کراچی آپریشن پر نظرثانی اور خیبرپختونخوا کی طرز پر پولیس اصلاحات سمیت نو نکات پر مشتمل معاہدے کی کاپی بھی چئیرمین تحریک انصاف کو پیش کی