امریکی فوج تین چار دن میں افغانستان کو فتح کرسکتی ہے : ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج تین چار دن میں افغانستان کو فتح کرسکتی ہے مگر میں ایک کروڑ افراد کو مارنا نہیں چاہتا۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں ایٹمی ہتھیار نہیں بلکہ روایتی ہتھیار استعمال کرنے کی بات کررہا ہوں۔انہو ں نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت ہو رہی ہے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی جانب سے روس کے ساتھ ”انٹرمیڈیٹ نیوکلیئر رینج فورس معاہدے “ سے دستبرداری کے حوالے سے کہا کہ ایٹمی میزائلوں کے تخفیف کے نئے معاہدے میں چین کو بھی شامل کرنا چاہیے یہ دنیا کے لیے زبردست چیز ہو گی۔ روس اور امریکا معاہدے کے تحت درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ختم کرنے کے پابند تھے۔