تحریک انصاف کی حکومت آئین اورقانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے: ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان
اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاو ن خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آئین اورقانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی حمایت نہیں کی اور سینیٹ کے چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران ایسے واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ وزیراعظم صوبوں کوبااختیاربنانے کے خواہاں ہیں اور قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے بارے میں چاروں صوبوں کے درمیان پہلے ہی اتفاق رائے ہوچکاہے۔