عالمی طاقتیں تنازعہ کشمیر پر ثالثی مذاکرات شروع کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں:وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ اور عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر پر ثالثی مذاکرات شروع کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے برعکس اس وقت امریکہ اور بھارت کے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں اور اگر امریکہ چاہے تو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرسکتا ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کاحل خطے میں امن اوراستحکام کے لئے ناگزیرہے۔انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر بھارتی رویے کی وجہ سے ایک توجہ کامرکز بن گیاہے۔افغان امن عمل کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کو افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر قائل کیا ہے کیونکہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں۔افغان طالبان کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی ملاقات سے متعلق وزیرخارجہ نے کہا کہ اس وقت اس بارے میں کوئی نظام الاوقات نہیں دیا جاسکتا تاہم یہ ملاقات جلد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں افغان طالبان کی شرکت کیلئے کو ششیں کی جارہی ہیں۔