سانحہ کرائسٹ چرچ شہداء کے اہلخانہ سعودی بادشاہ کی دعوت پر مکہ مکرمہ پہنچ گئے
ریاض : کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے متاثرہ افراد کے اہل خانہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے مسلمانوں کی بڑی تعداد خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے جانب سے خصوصی حج پروگرام کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئی ہے۔ نیوزی لینڈ سے آنے والے عازمین حج کے قریبی عزیز 15 مارچ 2019ءکو کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ عرب ٹی وی کے مطابق وزارت حج کے سیکرٹری حج وعمرہ ڈاکٹر عبداللہ الصامل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے شہداءکے لواحقین کو حکومت کی میزبانی میں حج کی ادائیگی کا موقع فراہم کرنا ان کے دکھ کو شیئر کرنے کی کوشش ہے، اس کوشش کے نتیجے میں متاثرین کواپنا غم دور کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پہنچنے والے نیوزی لینڈ کے مسلمانوں کا استقبال کیا گیا، نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے متاثرین کا سرکاری حج پر یہ پہلا قافلہ ہے۔ مزید متاثرین بھی اس قافلے میں جلد شامل ہو جائیں گے۔