کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار
کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا، مہم کے لیے ضلع غربی میں 48 مقامات اور ضلع جنوبی و شرقی میں 70 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) آفس میں کراچی صاف کریں مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے جن میں آفتاب صدیقی، صائمہ ندیم، غزالہ صدف، خرم شیر زمان، عمران شاہ، راجہ اظہر، شہزاد قریشی اور عباس جعفری شامل ہیں۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا۔ اجلاس میں اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ کلین کراچی مہم کا دورانیہ 2 ہفتے سے بڑھا دیا جائے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں 6 اضلاع میں بڑے نالوں کی صفائی کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں شاہراہوں اور گلیوں سے کچرا اٹھایا جائے گا۔ کچرا اٹھانے کے فیز میں ڈمپنگ یارڈ خالی کرنا اور اسکولز و پارکس کے اطراف سے کچرا اٹھانا شامل ہے۔ مہم میں حصہ لینے والے وفاقی و بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کا بھی اجلاس ہوگا۔ تحریک انصاف ارکان قومی و صوبائی اسمبلی حلقوں میں صفائی کا پلان پیش کریں گے۔ کاروباری و صنعتی اداروں، تنظیموں اور کارپوریٹ سیکٹر کا الگ اجلاس ہوگا۔ وفاقی وزیر علی زیدی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی اجلاس کریں گے۔