بھارتی بربریت،وزیر خارجہ کشمیریوں کو بچانے کیلئے او آئی سی کے کردار کے خواہاں
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ فیصلہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء سید علی گیلانی کے ٹوئٹ کے بعد کیا جس میںانہوں نے SOS اپیل کرتے ہوئے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری عوام کی نسل کشی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا جائیگاکہ وہ بے گناہ کشمیریوں کو بھارتی فورسز کی جارحیت سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر خارجہ پہلے ہی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک خط بھیج چکے ہیں جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن کے ساتھ بھارت کی جارحیت کا نوٹس لیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔