یہ اچھی بات ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کررہی ہیں،عوام کے ووٹ سے ہی حکومت آنی اور جانی چاہیے، عوام سوچ سمجھ کر پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں۔ نواز شریف

مردان میں تحریک انصاف کے رہنما محمد خان ہوتی کی ن لیگ میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے نواز شریف نے کہا کہ خواجہ محمد خان ہوتی کی شمولیت سے ن لیگ مزید مضبوط ہوگی اور مردان نون لیگ کا گڑھ بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان تباہی و بربادی کے راستے پرچل رہا ہےجسے موڑ کرترقی کی راہ پرلانا چاہتے ہیں۔ ہر جگہ لاشیں گررہی ہیں،خودکش حملے ہورہے ہیں اور گولیاں برسائی جارہی ہیں، چاہتے ہیں کہ کراچی سے لے کر بلوچستان تک امن ہو۔ مسلم لیگ نون کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہرآنے والے نے نئے گل کھلائے جبکہ عوام کے ووٹ سے آنے والوں کواتاردیا گیا، پھانسی دی گئی اورجیل میں ڈالا گیا۔ نوازشریف نے مزید کہا کہ نون لیگ کی حکومت دو مرتبہ دو دوسال بعد ختم کردی گئی اگرپانچ برس مکمل کرنے دیئے جاتے توخیبرسے کراچی اورگوادرکوملادیتے اور ایسی بلٹ ٹرین چلاتے جو خیبرپختونخوا سے آٹھ گھنٹے میں پشاور پہنچ جاتی۔ اس موقع پرنوازشریف نے اسمبلیوں کے پانچ سال مکمل ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اچھی بات ہے کہ حکومت عوام کے ووٹ سے آئے اور اسی سے اس کا خاتمہ ہو۔ عوام کو سوچ سمجھ کر ملک کی تقدیر کا فیصلہ کریں۔