پاک چین اقتصادی راہداری پر سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

پاک چین اقتصادی راہداری پر سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس آ ج3 دسمبر کوہوگا۔ سی پیک کے ترجیحی منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ کمیٹی کا سی پیک سے متعلق 13 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ چینی سفیر سے ملاقات کے لئے بھی مشاورت ہو گی۔ سی پیک سینیٹ اسپیشل کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہو گا۔ سی پیک کے منصوبوں کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ طلب کی گئی ہے۔ کمیٹی کے ذرائع کے مطابق ترجیحی منصوبوں اور متوقع تبدیلیوں، سرمایہ کاری بالخصوص سی پیک میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر بریفنگ کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اسی طرح مغربی روٹ گوادر کے منصوبوں سی پیک پر سرمایہ کاری کی نوعیت اب تک ہونے والے اخراجات، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے ٹائم فریم، پاک چین تجارتی توازن اور سی پیک کے ذریعے مقامی روزگار کی فراہمی پر کمیٹی اپنی تجاویز کا اعلان کرے گی۔ اسی طرح چینی سفیر سے ملاقات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقی کو اجلاس کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا۔