منزل پر پہنچنے کے لیے یوٹرن لینے پڑتے ہیں، کے پی ٹی اور پورٹ قاسم میں جتبی بھی الاٹمنٹ ہوئی ہے ان سب کا آڈٹ کروں گا:علی زیدی
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مشاورت کے بعد ہی فیصلے کرتے ہیں اور منزل پر پہنچنے کے لیے یو ٹرن تو لینے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کس نے لگائی اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ کس کو ہوا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ جو کراچی میں تجاوزات کو ہٹوا رہے ہیں لگوانے میں بھی انہیں کا ہاتھ ہو۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے اور چیف جسٹس کراچی آکر خود آپریشن کا جائزہ لیں اور تجاوزات سے متعلق آپریشن پر ایک کمیٹی بنائیں۔ علیزیدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مثبت بحث کو سراہتے ہیں اور مشاورت کے بعد ہی فیصلے کرتے ہیں۔منزل کے لیے کبھی کبھی راستہ بدلنا بھی پڑتا ہے۔ چینج آف اسٹریٹجی کو ہم یو ٹرن کہتے ہیں راستے میں اگر ٹریفک ہو تو آپ یو ٹرن لیتے ہیں کیونکہ آپ کی نظر منزل پر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورٹ اور دیگر ادارے جو میرے پاس ہیں ان سب میں بھی آپریشن کریں گے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی ) کو ٹھیک کیے بغیر کراچی ٹھیک نہیں ہو سکتا ہے۔ میں جو فائل بھی اٹھاتا ہوں تو ایک اینا کونڈا نکلتا ہے اور اینا کونڈا کو ختم کیے بغیر ادارے ٹھیک نہیں ہو سکتے ہیں۔ میں تمام انا کونڈا کے خلاف ثبوت لے کر آئوں گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی ٹی اور پورٹ قاسم میں جتبی بھی الاٹمنٹ ہوئی ہے ان سب کا آڈٹ کروں گا تاکہ صحیح اور غلط کی نشاندہی ہو سکے۔ 70 سال کی صفائی 100 دن میں نہیں ہوسکتی ہے۔