کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خالی پلاٹ میں کھڑی گاڑی میں پراسرار دھماکا

پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ڈیفنس کے علاقے خیابان مجاہد میں خالی پلاٹ پر کھڑی گاڑی میں دھماکا گیس سلینڈر پھٹنے سے ہوا، جس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا۔پولیس کے مطابق گاڑی میں گھر میں استعمال ہونے والے 6 گیس سلینڈرز برآمد ہوئے، تاہم گاڑی کا سی این جی سلینڈر محفوظ رہا۔واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوع پر پہنچا۔بی ڈی ایس ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے سلینڈر دھماکے کے شواہد نہیں ملے، تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ تباہ ہونے والی کار کے پرزے مزید تحقیقات کے لیے ساتھ لے گیا۔دوسری جانب پولیس نے جائے وقوع کو سیل کرکے وہاں 2 پولیس موبائلز تعینات کردیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق یہ گاڑی ثنا اللہ نامی شہری کے نام پر ہے،گاڑی گزشتہ روز جمشید کوارٹر سے چوری ہوئی تھی، جس کی چوری کی شکایت حنا نامی خاتون نے درج کروائی تھی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ گاڑی اس سے قبل 2007 میں بھی بوٹ بیسن سے چوری ہوئی تھی اور پانچ روز بعد میٹروول ولیکا اسپتال کے پاس سے ملی تھی۔