کراچی: کھڈا مارکیٹ پر کار میں پراسرار دھماکہ

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کار میں ہونے والا دھماکہ پولیس کے لیے معمہ بن گیا۔ گاڑی ایک روز قبل جمشید کوارٹرز کے علاقے سے چوری ہوئی تھی۔تفصیلات کے مطابق کار دھماکے کا واقعہ کراچی کے علاقے کھڈا مارکیٹ، ڈیفنس میں پیش آیا۔ ابتدا میں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ دھماکہ سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سلنڈر پھٹنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی ایک خالی پلاٹ پر کھڑی تھی۔ گاڑی سے ایل پی جی کے 6 چھوٹے اور ایک سی این جی کا سلنڈر ملا ہے، گاڑی ایک روز قبل جمیشد کوارٹرز کے علاقے سے چوری ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق گاڑی اشفاق اعوان نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور چوری کے بعد حنا نامی خاتون نے گاڑی چوری کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ دھماکے سے تباہ گاڑی سنہ 2007 میں بھی چوری ہوئی تھی جو 5 روز بعد مل گئی تھی۔