ملک کے 7 بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بابر عطا

پاکستان پولیو پروگرام کے فوکل پرسن بابر عطا نے کہا ہے کہ ملک کے 7 بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پیر کو انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پولیو پروگرام کے تحت ملک میں پہلی بار والدین کی آگاہی کے لئے گٹر میں پولیو وائرس کے نمونوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ملک کے جن 7 بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور ان شہروں میں کراچی، سکھر، لاہور، راولپنڈی، مردان، پشاور اور اسلام آباد شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 10 سے 13 دسمبر کو شروع ہونے والی پولیو مہم میں اپنے بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلائیں۔ گٹر کے پانی میں وائرس کی تصدیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ بچوں کی بڑی تعداد پولیو قطروں سے محروم ہے۔