پاکستان ریلوے نے ایک دن میں سب سے زیادہ ٹکٹیں فروخت کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا
پاکستان ریلوے کی جانب سے ایک دن میں سب سے زیادہ ٹکٹیں فروخت کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا گیا ہے۔ یکم دسمبر کو 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 610 ٹکٹیں فروخت ہوئیں جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ تفصیلات کے مطابق یکم دسمبر کو24 گھنٹوں کے دوران فروخت ہونے والی 51 ہزار 610 ٹکٹوں کی مالیت 6 کروڑ 55 لاکھ 64 ہزار 320 روپے رہی۔ یہ ایک دن میں سب سے زیادہ ٹکٹیں فروخت ہونے کا نیا ریکارڈ ہے۔ یکم دسمبر کو آن لائن 15 ہزار 570 ٹکٹیں فروخت ہوئیں جن کی مالیت 2 کروڑ 64 ہزار 800 روپے ہے۔ علاوہ ازیں یکم دسمبر کو ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی ٹکٹیں موبائل فون ایپ کے ذریعے بھی خریدی گئیں۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ 27 نومبر کو 5 کروڑ 64 لاکھ روپے کی ٹکٹیں فروخت ہونے کا ریکارڈ بنا تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مطابق ایک دن میں 8 کروڑ 70 لاکھ روپے کی آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔یہ شیخ رشید کی بہترین کارکردگی ہے یا عوام کا پاکستان ریلوے پر اعتماد بحال ہورہا ہے، جو بھی ہے بلاشبہ اس کا فائدہ عام آدمی اور قومی خزانے کو پہنچ رہا ہے ۔ دسمبر کی چھٹیوں میں بھی ٹکٹوں کی فروخت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔