آج کے دن کا مقصد معذوروں کی معذوری کے احساس کو کم کرنا ہے:الخدمت فاؤنڈیشن
معذوروں کے عالمی دن پر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام معذوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس میں معذوروں کے ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی واک میں شرکت کی ۔ شرکاء واک سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور نے کہا کہ آج کے دن کا مقصد معذوروں کی معذوری کے احساس کو کم کرنا ہے اور ان کے ساتھ عام افراد کی طرح رویہ رکھنا ہے ۔ معذوروں کے ساتھ اس قسم کے دن منا کر ہم معاشرے میں موجود مستحق اور ضرورت مند کو ایک مثبت پیغام دے سکتے ہیں ۔ واک سے خطاب کرتے ہوئے عامر محمود چیمہ ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں صرف ایک فیصد معذور بچے سکول جاتے ہیں یہ شرح دنیا بھر سے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 6بڑے شعبوں میں بلا امتیاز مسلک ومذہب ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا آپ ﷺ کی سنت ہے ۔جس کے لئے ہر مسلمان کو اپنے وسائل کو سامنے رکھتے ہوئے بھروپور کوشش کرنی چاہیے ۔ اس سے ایک بہتر اور ذمہ دارمعاشرہ جنم لے سکتا ہے اور لوگوں کے اندر پائی جانے والی منفی سوچ کو کم کیا جا سکتا ہے ۔