وزیراعظم کا قبل از وقت انتخابات کا بیان قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے،عمران خان کو ابھی تک یقین نہیں ہے کہ وہ وزیراعظم ہیں:مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ کا الزام بھی مسلم لیگ نون پر ڈالنا عمران خان کا ایک اور یوٹرن ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا قبل از وقت انتخابات کا بیان قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور انکی ٹیم کی کارکردگی پر کسی کو انکی حکومت گرانے کی ضرورت نہیں ،حکومت گرانے کیلئے عمران خان اور انکی ٹیم خود ہی کافی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو ابھی تک یقین نہیںہے کہ وہ وزیراعظم ہیں،کبھی ٹی وی سے تو کبھی انکی اہلیہ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ وزیراعظم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس وزیراعظم کو اپنی حکومت پر اعتماد نہ ہواسے ایک منٹ بھی کرسی پر نہیں رہنا چاہیئے۔عمران خان نے اپنی نااہلی سے نظریں ہٹانے کے لیے این آر او کی بات کی ہے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ این آر او کس نے مانگا ہے،عمران خان سے این آر او صرف علیمہ باجی نے مانگا تھا وہ انہیں دے چکے۔ترجمان مسلم لیگ نون نے عمران خان سے عہدے چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ مڈ ٹرم پر بات کرنے والے کو ایک منٹ بھی کرسی پر رہنے کا حق نہیں ہے۔