ای سی پی ممبران کی تقرری: پارلیمانی کمیٹی کااجلاس کل دوبارہ ہوگا
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی زیر صدارت ہونے والا پارلیمانی کمیٹی اجلاس ختم ہوگیا ہے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ارکان تقرری پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہے ،تاہم اپوزیشن نے مشاورت کے لیے کچھ وقت مانگا ہے اور کل قومی اسمبلی اجلاس سے پہلے حتمی ناموں کا فیصلہ ہوجائے گا۔ دوسری جانب پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں وقفے کے دوران مسلم لیگی سینیٹر مشاہداللہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ادارے اپنا اپنا کام کریں اور خواہش ہے کہ تجربہ کار لوگ اس میں شامل ہوں جو بہتر طریقے سے کام کرسکیں ۔ اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی حکومت اور حزب اختلاف کی طرف سے تقرری کیلئے دیئے گئے سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پر غور کیا گیا ۔حکومت اور حزب اختلاف نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کیلئے نام قومی اسمبلی کے سپیکر اسدقیصر اور سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی کوبھجوائے جس کے بعددونوں ایوانوں کے سربراہوں نے یہ نام غور کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے پاس بھیج دیئے۔اس حولے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کا کہنا تھاکہ معاملہ جلد خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا۔