وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری، اہم فیصلے متوقع
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس جاری ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ چیف الیکشن کمشنر کے نام کا حتمی فیصلہ بھی سامنے آسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس شروع ہوگیا، جس میں ملکی سیاسی اورمعاشی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا اور آرمی ایکٹ1952 میں ترمیم اور چیف الیکشن کمشنر، ممبران کی تقرری پر بھی مشاورت ہوگی۔ کابینہ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا ، سابقتی کمیشن آف پاکستان پر بریفنگ کا ایجنڈا منسوخ کردیا گیا ہے ، کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور کابینہ کمیٹی برائے سرمایہ کاری کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ کابینہ نیشنل انشورنس کمپنی کےسی ای او کی تقرری اور آزادکشمیر کے مالی سال 2019-20 کے پراپرٹی بجٹ کی بھی منظوری دے گی جبکہ پاکستان اکادمی ادبیات کےچیئرمین کی تعیناتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن سےمتعلق تفصیلی بریف کیاجائے گا، وفاقی دارالحکومت میں کمسن بچوں کی عدالتوں کے قیام کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں جبکہ کابینہ اجلاس میں خواتین پراپرٹی حقوق آرڈیننس2019 کےنفاذمیں ترمیم کےمعاملےپرغورہوگا۔ یاد رہے گذشتہ کابینہ اجلاس ایجنڈے میں نیشنل ٹیرف اور قابل تجدید توانائی پالیسی سمیت 8 نکات کی منظوری دی گئی تھی۔