صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے شواہد نہیں ملے، امریکی اٹارنی جنرل
امریکہ کے اٹارنی جنرل ولیم بر نے کہا ہے کہ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔امریکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو میں ولیم بر نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور امریکی اٹارنیز نے انتخابات میں جعل سازی سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا اور انہیں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس کے نتیجے میں انتخابی نتائج تبدیل ہو سکتے ہوں۔ان کے بقول اب تک ہونے والی تحقیقات کے بعد وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے اتنی بڑی جعل سازی نہیں دیکھی جو انتخابی نتیجے کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دے۔ولیم بر کے بیان سے امریکی ریاستوں کے الیکشن حکام اور گورنرز کے ان بیانات کو تقویت ملتی ہے جن میں وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے دھاندلی کے الزامات کی تردید کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ ولیم بر کو صدر ٹرمپ کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں تصور کیا جاتا ہے اور الیکشن سے قبل وہ انتخابات میں جعل سازی سے متعلق کئی بار انتباہ بھی جاری کر چکے تھے۔تین نومبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کے بعد ولیم بر نے وفاقی پراسیکیوٹرز کو صدارتی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا بھی اختیار دیا تھا۔