کورونا سے نمٹنے کیلیے فوج پہلے دن سے ہر حکومتی کوشش کا حصہ ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کورونا کے حوالے سے آگاہی مہم میں میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا نے اربوں روپے کی آگاہی مہم مفت چلائی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ایک آن لائن نیوز پورٹل 'گلوبل ویلیج اسپیس' کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ڈوزیئر کے اہم نکات اجاگر کیے، اس کے علاوہ انہوں نے ایل او سی صورتحال، سی پیک، ففتھ جنریشن وار فیئر پر بھی میجر جنرل بابر افتخار کی تفصیلی گفتگو کی۔ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونےکا ڈوزیئر میں ثبوت سامنے لایا، پاکستان بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت بھی سامنے لایا، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سنجیدہ لیا ہے۔