سابق فرانسیسی صدرگسکارڈ ڈی اسٹیننگ کورونا سےانتقال کرگئے

سابق فرانسیسی صدر گسکارڈ ڈی اسٹیننگ کورونا کے باعث انتقال کر گئے۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق فرانسیسی صدر گسکارڈ ڈی اسٹیننگ کی عمر 94 برس تھی اور وہ 1974 سے 1981 تک فرانس کے صدر رہے ۔ گسکارڈ نے چارلس ڈیگال کے طویل دور حکومت کے بعد حکومت سنبھالی تھی جبکہ 70 کی دہائی میں یورپ کو ایک کرنے میں گسکارڈ ڈی اسٹیننگ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ 1989 سے 1993 تک یورپی پارلیمنٹ کے لئے بھی منتخب ہوئے ۔ سابق فرانسیسی صدر پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اورنومبر میں ہسپتال منتقل ہوئے تھے تاہم کورونا کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث ان کی حالت کافی خراب تھی ، ان کے اہل خانہ نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق فرانسیسی صدر کی آخری رسومات محدود طور پر ادا کی جائیں گی ۔ خیال رہے کہ فرانس کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے ، فرانس میں کورونا کیسز کی تعداد 22 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 53 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ دنیا بھر میں کورونا کے باعث 6 کروڑ 48 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 14 لاکھ 99 ہزارسے زائد اموات ہوئی ہیں۔دنیا بھر میں کورونا کے 4 کروڑ 49 لاکھ مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ۔