توڑ پھوڑ کیس: اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کو توڑ پھوڑ کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ مردان کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف 9 مئی کے روز میڈیکل سٹور پر توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران پی ٹی آئی رہنما کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت پولیس کی جانب سے اسد قیصر کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ بعدازاں مردان کے جوڈیشل مجسٹریٹ عطا الرحمان نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ خیال رہے کہ اسد قیصر کو گزشتہ روز تھانہ پڑانگ چارسدہ میں درج مقدمے میں ضمانت کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔