اداروں کے درمیان محاز آرائی ھماری جانب سے شروع نہیں کی گئی تاہم تیرہ فروری کو عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی اسے قبول کریں گے۔ وزیراعظم گیلانی
لاہور میں پہلی بزنس ٹرین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور سپریم کورٹ میں ضرور پیش ہوں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب صرف وقت پر سینٹ کے انتخابات ہوں گے جس کے بعد انکی حکومت پانچواں بجٹ پیش کرے گی اور پھرعام انتخابات کے حوالے سے بات ہوسکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے خلاف سازش صرف سینٹ کے انتخابات کے التوا کیلئے کی جارہی ہے جوبہت جلد بے نقاب ہوجائے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کا ایوان صدر سے کوئی تعلق نہیں بلکہ انہوں نے خود غیر ملکی ماہرین کو اس وبا پر قابو پانے کیلئے پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ بعدازاں وزیراعظم نے لاہورکے قریب کالاشاہ کاکو میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چور راستے سے اقتدار میں نہیں آئے اور جو لوگ ان پر غیر مقبول ہونے کا الزام عائد کرتے ہیں وہ یاد رکھیں کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جس کی موجودگی میں کوئی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف معزول عدلیہ کو بحال کیا بلکہ وکلا تحریک میں بھی وکلا کے شانہ بشانہ رہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے افتتاح کے ساتھ اہل علاقہ کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ جبکہ ضلع ننکانہ صاحب میں بےنظیر آباد کالونی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔