جنوری 2018ءکے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مجموعی طور پر 13 فیصد کی کمی واقع ہوئی

03 فروری 2018 (11:04)

جنوری 2018ءکے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مجموعی طور پر 13 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس دوران 1.79 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات فروخت کی گئی ہیں۔ جے ایس گلوبل کیپٹل کے تحقیق کار فیضان احمد نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ فرنس آئل سے چلنے والے بجلی گھروں سے بجلی کی کم پیداوار کے باعث فرنس آئل کی کھپت میں ہونے والی نمایاں کمی کے نتیجہ میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت کم ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال جنوری 2018ءکے دوران فرنس آئل کی فروخت میں 49 فیصد کی کمی سے فروخت 0.39 ملین ٹن تک کم ہو گئی تا ہم ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی فروخت میں بالترتیب 10 فیصد اور 8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔