فروری کے مہینے میں ملک بھر میں شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے رواں ماہ بھی ملک بھر میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے رواں ماہ فروری میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ پاکستان بھر میں 4سے 5بارش برسانے والے سلسلے داخل ہونے کا امکان ہے اور نئے سلسلوں کے داخل ہونے سے پورے ملک کے طول و عرض میں بارشیں ہوں گی، اور ان بارشوں کے باعث سندھ و بلوچستان کے خشک اور قحط زدہ علاقوں میں بھی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے اور کہا کہ برفباری کا نیا سلسلہ اگلے 72گھنٹوں کے بعد شروع ہوجائے گا، ملکہ کوہسار مری میں پے درپے برفباری کے سلسلے آئیں گے اور موجودہ عالمی موسمیاتی کیفیت کے مطابق مری کی تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈز ٹوٹ جانے کا امکان ہے، جب کہ بارشوں اور برفباری کے باعث فروری کے دوران درجہ حرارت معمول سے 8سے 10سینٹی گریڈ کم رہنے کا اندیشہ ہے۔